لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے کے نوجوانوں کو عالمی معیار کی فنی مہارتیں سکھانے کے لیے ایک بڑے منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ پنجاب حکومت نے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) کے تحت ہاسپیٹیلٹی اور ہیلتھ کیئر سیکٹرز کی تربیتی استعداد بڑھانے کے لیے تقریباً 3 ارب 96 کروڑ 29 لاکھ روپے کا فنڈ مختص کیا ہے۔ یہ منصوبہ 36 ماہ کی مدت میں جون 2029 تک مکمل کیا جائے گا۔
سینئر رپورٹر نمائندہ لاہوررنگ ادریس شیخ کا کہنا ہےکہ منصوبے کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو ملکی اور بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جدید تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ بیرون ملک ملازمتوں اور مقامی سطح پر روزگار کے امکانات کو بڑھایا جا سکے۔
ہوٹلنگ، ٹورازم اور ریسٹورنٹ انڈسٹری کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیشِ نظر لاہور، فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ اور رحیم یار خان کے 10 اداروں میں جدید پروگرامز شروع کیے جا رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے پہلے سے موجود 22 لیبارٹریوں کی تعداد بڑھا کر اب مجموعی طور پر 46 جدید لیبارٹریاں قائم کی جائیں گی۔
طبی مراکز میں تربیت یافتہ عملے کی کمی دور کرنے کے لیے پنجاب کے 14 نئے اضلاع (بشمول اٹک، سرگودھا، ساہیوال، بہاولپور، اور شیخوپورہ وغیرہ) کے 16 اداروں میں "ہیلتھ کیئر اسسٹنٹ" کورس کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس شعبے میں لیبارٹریوں کی تعداد 2 سے بڑھا کر 16 کی جا رہی ہے، جس کے تحت تین سالوں میں 4 ہزار 800 نوجوانوں کو جدید طبی تربیت دے کر انہیں روزگار کے قابل بنایا جائے گا۔
نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی: پنجاب میں ہاسپیٹیلٹی اور ہیلتھ کیئر کے لیے 4 ارب روپے کا میگا پراجیکٹ منظور
07:59 PM, 25 May, 2026