لاہور :انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم سے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ڈرگز اینڈ کرائم (UNODC) کے ایڈوائزر برائے کریمنل جسٹس و لیگل ریفارمز ارسلان ملک نے ملاقات کی، جس میں فنانشل کرائمز اور سنگین جرائم کے خاتمے کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریننگ منیر احمد ضیاء راؤ بھی موجود تھے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے یو این او ڈی سی کے ایڈوائزر کو مالیاتی جرائم کے خاتمے کے لیے پنجاب پولیس کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران فنانشل کرائم کے تدارک کے لیے بین الصوبائی کوارڈینیشن کے ذریعے ملک گیر یکساں سٹریٹیجی تشکیل دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
طے پایا کہ سکیورٹی اداروں اور سول سوسائٹی کی مشاورت سے سائبر کرائم، دہشت گردی، منی لانڈرنگ، انسانی سمگلنگ اور منشیات فروشی جیسے سنگین جرائم سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنایا جائے گا۔ یو این او ڈی سی کے ایڈوائزر ارسلان ملک نے پنجاب پولیس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ فنانشل کرائم سٹریٹیجی کے فروغ کے لیے ملک بھر میں مشاورتی ورکشاپس اور سیمینارز منعقد کرے گا۔