کراچی: چیئرمین نئی بات میڈیا گروپ، پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے ایک خصوصی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان 75 سال سے زائد عرصے کے باوجود ترقی کے حقیقی راستے پر نہیں چل سکا اور معیارِ زندگی مسلسل گرتا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر عبدالرحمان نے کہا کہ تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی شعبے تنزلی کے شکار ہیں اور نوجوان نسل اکثر فوری دولت کے حصول کی دوڑ میں مصروف رہتی ہے جس کی وجہ سے محنت اور لگن کی کمی پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر نوجوانوں میں کردار سازی کے لیے سرگرم ہے، مگر قومی سطح پر مضبوط رول ماڈلز کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے بیشتر لیڈرز ایمانداری پر کم یقین رکھتے ہیں اور پاکستان میں بھی قومی ایشوز پر کھلی اور شفاف بحث ضروری ہے۔ ڈاکٹر عبدالرحمان نے کردار سازی کے لیے بہترین رول ماڈل حضرت محمد ﷺ کو قرار دیا اور قرآن مجید میں زندگی کے تمام مسائل کے حل موجود ہونے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کبھی روشنیوں کا شہر تھا، لیکن آج صورتحال دیکھ کر رنج آتا ہے۔ ملک کے 450 کالجز لاکھوں طلبہ کو تعلیم دے رہے ہیں، مگر ناقص حکمرانی کی وجہ سے یہ نظام اپنی مکمل صلاحیت کے مطابق کام نہیں کر رہا۔
ڈاکٹر عبدالرحمان نے موجودہ گورننس ماڈل پر تنقید کی اور کہا کہ اس نظام میں شایسته افراد سامنے آ کر مؤثر اقدامات نہیں کر سکتے۔ انہوں نے پاکستان کو شفافیت میں 173 ویں نمبر پر قرار دیا اور قوم سے اپیل کی کہ نوجوانوں میں محنت، ایمانداری اور لگن کی قدروں کو فروغ دیا جائے تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔