فاسٹ یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام سیمینار ، چئیرمین پنجاب گروپ میاں عامر محمود کا تقریب سے خؒطاب

12:26 PM, 25 Sep, 2025

اسلام آباد :  چیئرمین پنجاب گروپ آف کالجز میاں عامر محمود نے کہا ہے کہ جب گورننس کمزور ہو جائے تو ادارے بھی کمزور پڑ جاتے ہیں، اور ایسے کمزور ادارے کرپشن کو جنم دیتے ہیں، جس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے اداروں میں رشوت دینا پڑتی ہے۔

اسلام آباد میں فاسٹ یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام سیمینار "2030 کا پاکستان: چیلنج، امکانات اور نئی راہیں" سے خطاب کرتے ہوئے میاں عامر محمود نے پاکستان کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تمام 33 ڈویژنز کو الگ الگ صوبے کی حیثیت دی جانی چاہیے تاکہ مقامی سطح پر گورننس بہتر ہو اور عوامی مسائل بروقت حل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں چار بڑے صوبے ہیں، لیکن یہ تعداد اتنی نہیں کہ ملک کی صحیح ترقی ہو سکے۔ میاں عامر محمود نے تجویز دی کہ پاکستان کے تمام 33 ڈویژنز کو الگ الگ صوبے بنا دیا جائے تاکہ ہر علاقے کی اپنی حکومت ہو اور وہاں کے لوگ اپنے مسائل کو خود حل کر سکیں۔

 انہوں نے عدالتوں کی خراب صورتحال پر بھی بات کی اور کہا کہ قتل جیسے بڑے مقدمات کو بھی فیصلے آنے میں 16 سے 18 سال لگ جاتے ہیں۔ کیسز کی تعداد اتنی زیادہ ہے کہ ایک جج کے پاس ہزاروں کیسز پڑے ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ملک میں جرائم کرنے والے اکثر سزا سے بچ جاتے ہیں۔

 میاں عامر محمود نے بتایا کہ پاکستان میں بہت سے بچے اچھی غذا نہ ملنے کی وجہ سے صحت مند نہیں ہو پاتے اور ان کی جسمانی اور ذہنی نشوونما رک جاتی ہے۔ آدھے سے زیادہ بچے تعلیم تک بھی نہیں پہنچ پاتے۔ انہوں نے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں تعلیم کا معیار بہت خراب ہے، حالانکہ حکومت بچے پر کافی خرچ بھی کرتی ہے۔

 انہوں نے فیصل آباد کی مثال دی، جو پاکستان کا دوسرا بڑا شہر ہے مگر وہاں مناسب اسپتال، اسکول یا کالج نہیں ہے۔ فیصل آباد کے لوگ اپنی معمولی ضروریات کے لیے لاہور جانے پر مجبور ہیں۔

 میاں عامر محمود نے بھارت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب بھارت میں کچھ علاقوں کو الگ صوبے بنا دیا گیا تو وہاں بہت ترقی ہوئی۔ پاکستان کو بھی ایسی ہی اصلاحات کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور سوشل میڈیا کو ایک طاقتور ذریعہ بنا کر اپنے مسائل اجاگر کریں۔ نوجوان ملک کی سب سے بڑی طاقت ہیں اور ان کی کوششوں سے ہی ملک بہتر ہو سکتا ہے۔ 

مزیدخبریں