لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں ماحولیاتی تحفظ اور خواتین کی معاشی خود مختاری کے لیے ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ لاہور میں ملکی تاریخ کی پہلی ای ٹیکسی اسکیم کا افتتاح کرتے ہوئے مریم نواز نے 1100 الیکٹرک کاروں کے لیے 4 ارب روپے کی خطیر سبسڈی کا اعلان کر دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ منصوبہ خاص طور پر خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ خواتین ڈرائیورز کے لیے 60 فیصد اور مردوں کے لیے 50 فیصد ڈاؤن پیمنٹ حکومت خود ادا کرے گی۔سکیم میں خواتین کے لیے بڑا حصہ رکھا گیا ہے تاکہ وہ مردوں کے شانہ بشانہ باعزت روزگار کما سکیں۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ پنجاب میں خواتین کو ڈرنے کی ضرورت نہیں، کسی نے نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اسے انجام یاد رکھنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے عوامی ریلیف کے حوالے سے اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا میں روزانہ خود اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مانیٹر کرتی ہوں۔ آٹا، پیاز اور آلو کی قیمتیں گر چکی ہیں اور اب میری توجہ کیلے اور سیب کی قیمتیں نیچے لانے پر ہے تاکہ رمضان اور عام دنوں میں عوام کو ریلیف ملے۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب کے جدید مستقبل کا نقشہ کھینچتے ہوئے اعلان کیا کہ بہت جلد پنجاب میں ٹریک لیس ٹرین کا جدید منصوبہ شروع ہوگا۔ ہر تحصیل میں اسٹیٹ آف دی آرٹ گرین بسیں چلائی جائیں گی۔طلباء، بزرگوں اور خصوصی افراد کے لیے پہلے ہی مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے۔
مریم نواز کا پنجاب میں ٹرانسپورٹ انقلاب: 4 ارب کی ای ٹیکسی سکیم شروع، خواتین کو 60 فیصد سبسڈی کا تحفہ
04:05 PM, 26 Feb, 2026