گورنر ہاؤس کے دروازے پسے ہوئے طبقات کے لیے کھلے ہیں: گورنر پنجاب کی خواجہ سرا کمیونٹی سے گفتگو

04:17 PM, 26 Feb, 2026

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہاؤس میں خواجہ سرا کمیونٹی کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی، جس میں انہوں نے کمیونٹی کے افراد میں راشن اور کپڑے تقسیم کیے۔ تقریب میں خواجہ سراؤں کے وفد کی قیادت ڈاکٹر زینی نے کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے خواجہ سراؤں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم تجاویز اور عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے جہاں خواجہ سراؤں کو فنی مہارت (Technical Skills) سکھائی جا سکے تاکہ وہ معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔
گورنر کا کہنا تھا کہ خواجہ سرا بھی ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا بلکہ خوشیوں میں شامل رکھا جائے گا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گورنر ہاؤس میں اس سے قبل بھی خواجہ سرا کمیونٹی کے لیے ہیلتھ کارڈز تقسیم کیے جا چکے ہیں۔گورنر سردار سلیم حیدر خان نے پیپلز پارٹی کے منشور اور قیادت کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری بہت جلد گورنر ہاؤس میں افطار ڈنر پر تشریف لا رہے ہیں۔ گورنر نے شرکاء سے کہا کہ ہم سب نے مل کر بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا اگلا وزیراعظم بنانا ہے۔
 ان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس میں اشرافیہ تو آتی رہتی ہے، لیکن اصل خوشی تب ہوتی ہے جب وہ طبقہ یہاں آئے جس کی کوئی نہیں سنتا۔ پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر خواجہ سراؤں کو برابری کے حقوق فراہم کرے گی۔

مزیدخبریں