صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کا پی پی 153 میں جدید ڈرینیج منصوبے کا معائنہ، بروقت تکمیل کی ہدایت

05:01 PM, 26 Feb, 2026

لاہور : صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے اپنے حلقہ انتخاب پی پی 153 کے علاقے تاجپورہ بی بلاک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جدید ڈرینیج سسٹم اور رین واٹر اسٹوریج (بارشی پانی ذخیرہ کرنے کے منصوبے) پر جاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران ایکسیئن واسا (XEN WASA) سلمان، پراجیکٹ ڈائریکٹر واسا اور پی ایچ اے (PHA) کے حکام نے صوبائی وزیر کو منصوبے کے تکنیکی پہلوؤں اور کام کی رفتار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر سیاسی و سماجی شخصیات بشمول سابق چیئرمین میاں عرفان، اخلاص شاہ، رفعت حسین، شیخ عارف، عبدالوہاب ملک اور پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
خواجہ سلمان رفیق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  پی پی 153 میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کرنے کی سخت ہدایت کی گئی ہے تاکہ عوام کو جلد ریلیف مل سکے۔ حکومتِ پنجاب، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ رین واٹر اسٹوریج جیسے منصوبے نہ صرف نکاسی آب کا مسئلہ حل کریں گے بلکہ زیر زمین پانی کی سطح برقرار رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔

مزیدخبریں