ملک بھر میں بارشوں کا طاقتور سلسلہ: 30 مارچ تک ہائی الرٹ جاری

09:32 AM, 26 Mar, 2026

لاہور/اسلام آباد:ملک کے مختلف حصوں میں مغربی ہواؤں کے باعث بارشوں کا نیا اور طاقتور سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس نے گرمی کی لہر کو سردی میں بدل دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 30 مارچ تک بارشوں، برفباری اور ژالہ باری کا باقاعدہ الرٹ جاری کر دیا ہے، جس سے نظامِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے، تاہم انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق  مری، گلیات اور شمالی علاقہ جات میں شدید برفباری کا امکان ہے جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی۔
 پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری (Hailstorm) کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
موسلا دھار بارش کے نتیجے میں پہاڑی سلسلوں سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیشِ نظر سیاحوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
زرعی ماہرین نے کسانوں کے لیے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مارچ کے اس مہینے میں غیر متوقع بارش اور خصوصاً ژالہ باری سے     تیار فصلوں (خصوصاً گندم) کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

مزیدخبریں