"چیٹنگ مافیا کے خلاف جنگ کا آغاز": وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات کا میٹرک امتحانات میں زیرو ٹالرینس کا اعلان

04:34 PM, 26 Mar, 2026

لاہور : پنجاب میں 27 مارچ سے شروع ہونے والے میٹرک کے امتحانات میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے چیٹنگ مافیا کے خلاف فیصلہ کن جنگ کا اعلان کر دیا ہے۔ آل پنجاب کمشنرز اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ امتحانی عمل میں کسی بھی قسم کی مداخلت یا پیپر لیکج کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیرِ تعلیم نے مانیٹرنگ کے عمل کو سخت بنانے کے لیے انتظامیہ کو دوٹوک ہدایات جاری کی ہیں۔  تمام متعلقہ افسران دفاتر میں بیٹھنے کے بجائے امتحانی مراکز کے اچانک دورے کریں گے۔ وزیرِ تعلیم نے متنبہ کیا ہے کہ اگر کسی بھی مرکز سے پیپر لیک ہونے کی اطلاع ملی تو ذمہ داروں کے خلاف عبرتناک کارروائی کی جائے گی۔
رواں سال میٹرک امتحانات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کئی اہم اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں،۔    پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ای مارکنگ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔تمام حساس قرار دیے گئے مراکز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے تاکہ براہِ راست نگرانی کی جا سکے۔ فنڈز کی بچت اور میرٹ کی بحالی کے لیے نجی امتحانی مراکز کا سلسلہ ختم کر دیا گیا ہے، جس سے سرکاری خزانے کو خطیر بچت ہوگی۔
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد سفارش اور نقل کلچر کا خاتمہ کر کے محنتی طلبہ کے حق کا تحفظ کرنا ہے۔ انہوں نے کمشنرز کو ہدایت کی کہ امتحانی مراکز کے گرد دفعہ 144 کا نفاذ اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

مزیدخبریں