عید پر صفائی کا نیا ریکارڈ قائم کریں گے، "اسپیشل عید گرینڈ آپریشن" کی منظوری دے دی گئی ہے: مریم اورنگزیب

07:30 PM, 26 May, 2026

لاہور:سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے عیدالاضحیٰ کے انتظامات کے حوالے سے حکومتِ پنجاب کا اہم ترین پالیسی بیان جاری کر دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں اس عید پر صوبے بھر میں صفائی کا نیا ریکارڈ قائم کیا جائے گا، جس کے لیے "اسپیشل عید گرینڈ آپریشن" کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے واضح کیا کہ تمام متعلقہ محکمے 'ستھرا پنجاب' مشن کی مدد سے عید کے تینوں دن فیلڈ میں متحرک رہیں گے اور صفائی ستھرائی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے فیلڈ عملے کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے اعلان کیا کہ عید آپریشن کے دوران شاندار کارکردگی دکھانے والے افسران اور سینیٹیشن عملے کو وزیراعلیٰ پنجاب خود خصوصی انعامات سے نوازیں گی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ صوبے بھر کی تمام مساجد اور عید گاہوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنایا جا رہا ہے، جبکہ نمازِ عید کے مقامات پر مثالی صفائی کے ساتھ ساتھ عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ عید کی کامیاب روایت کی طرز پر قربانی کی آلائشیں فوری اٹھانے کا جامع پلان تیار ہے اور شہریوں کو خصوصی ویسٹ بیگز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے عوام سے پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا، "شہری اپنے گھر، گلیاں اور بازار صاف رکھنے کے لیے انتظامیہ سے تعاون کریں اور آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے صرف حکومت کے جاری کردہ خصوصی بیگز ہی استعمال کریں۔"

سینئر وزیر پنجاب نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ آلائشیں گلی، محلے، ڈرین (نالوں) اور نہروں میں پھینکنے پر مکمل پابندی ہوگی، اور ایسا کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

مزیدخبریں