پاکستان کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے مسائل کو سمجھیں، میاں عامر محمود

11:50 AM, 26 Nov, 2025

کراچی: چیئرمین پنجاب گروپ میاں عامر محمود نے کہا کہ پاکستان اپنے وسائل اور صلاحیتوں کے باوجود وہ ترقی نہیں کر رہا جس کا وہ حقدار ہے۔ ایپ سپ کے زیر اہتمام "2030 کا پاکستان: چیلنجز، امکانات اور نئی راہیں" کے موضوع پر آئی او بی ایم کورنگی کریک میں منعقد ہونے والے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے میاں عامر محمود نے کہا کہ پاکستان ہمارا گھر ہے، اور اللہ نے مسلمانوں کو ایک علیحدہ وطن دیا ہے، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہماری ترقی کی رفتار وہ نہیں رہی جس کی ہمیں توقع تھی۔

میاں عامر محمود نے اس بات پر زور دیا کہ اس خطے میں چین، بھارت، ویتنام اور تھائی لینڈ جیسے ممالک تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان اپنی صلاحیت کے مطابق آگے نہیں بڑھ رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ہمسایہ ممالک کی ترقی کا بغور جائزہ لینا چاہیے اور ان سے سیکھتے ہوئے اپنی پوزیشن کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 80 سالوں میں کئی اچھے لیڈر ملک میں آئے ہیں، لیکن بدقسمتی سے کوئی بھی لیڈر اپنے فرض کو پوری طرح ادا کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ ان کے مطابق پاکستان ایک فیڈریشن ہے جس کے 4 فیڈریٹنگ یونٹس ہیں، اور یہ دنیا کی واحد فیڈریشن ہے جس کا ایک فیڈریٹنگ یونٹ باقی تینوں سے بڑا ہے، جو کہ ملک کے اندرونی مسائل کا ایک اہم سبب بن رہا ہے۔

میاں عامر محمود نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے مسائل کو سمجھیں، اپنے وسائل کا بہتر استعمال کریں اور قیادت اور عوام کو ایک مشترکہ مقصد کے لیے کام کرنے کی ترغیب دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم اپنی صلاحیتوں کا بہتر استعمال کریں اور ملک میں اصلاحات لائیں تو پاکستان اپنے اصل امکانات کے مطابق ترقی کر سکتا ہے۔

میاں عامر محمود کا پیغام واضح تھا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہمیں اپنی داخلی ساخت اور وسائل کا بہتر استعمال کرنا ہوگا اور ملک کی ترقی کے لیے ایک مشترکہ وژن کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں