جھیلیں قدرت کا حسن اور ماحول کی بقا کی علامت ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف

01:06 PM, 27 Aug, 2025

لاہور :  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جھیلوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جھیلیں نہ صرف قدرتی حسن کی آئینہ دار ہیں بلکہ حیاتیاتی زندگی، ماحولیاتی توازن اور مستقبل کی بقا کے لیے بھی نہایت اہمیت رکھتی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں موجود قدرتی جھیلوں کو محفوظ بنانے اور انہیں سیاحت کے فروغ کا ذریعہ بنانے کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خوشاب، کلرکہار اور دیگر علاقوں میں واقع جھیلوں کو بہتر بنانے، ان کے قدرتی ماحول کو برقرار رکھنے اور مقامی و بین الاقوامی سیاحوں کے لیے پرکشش مقامات بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا، "جھیلوں کا قدرتی ماحول بچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم سیاحت کو فروغ دیتے ہوئے قدرتی توازن کو بھی مدنظر رکھ رہے ہیں تاکہ ترقی کے ساتھ ماحول کی حفاظت بھی یقینی بنائی جا سکے۔"

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت ماحول دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور جھیلوں سمیت تمام قدرتی وسائل کی حفاظت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی جھیلوں کی صفائی، تحفظ اور خوبصورتی برقرار رکھنے میں حکومت کا ساتھ دیں تاکہ یہ قدرتی خزانے آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رہیں۔

مزیدخبریں