لاہور :صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کرتارپور میں امدادی کارروائیاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں، متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کے لیے وزیر اقلیتی امور کے ساتھ مسلسل رابطے اور کوآرڈی نیشن کی جا رہی ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام تر دستیاب وسائل استعمال میں لائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں جاری ریسکیو آپریشنز کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے یا ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اداروں، محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور امدادی کارروائیوں میں کوئی کمی نہیں آنے دی جا رہی۔