کڈنی اور لیور ٹرانسپلانٹ کی مفت سہولت کا پروگرام جلد شروع ہوگا: خواجہ سلمان رفیق

05:59 PM, 27 Aug, 2026

راولپنڈی :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پی کے ایل آئی راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر نے علاج کے لیے آنے والے مریضوں سے ملاقات کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

بعد ازاں خواجہ سلمان رفیق کی زیرِ صدارت پی کے ایل آئی راولپنڈی میں اہم اجلاس ہوا، جس میں ادارے کی کارکردگی، طبی سہولیات اور انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے کڈنی اور لیور ٹرانسپلانٹ کی مفت سہولت کا پروگرام جلد شروع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی کے ایل آئی راولپنڈی میں دو لیور ٹرانسپلانٹ ہونا بڑی کامیابی ہے، جس پر طبی عملہ مبارکباد کا مستحق ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ عالمی معیار کی طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں