بھکاریوں کو بھیک سے نجات، باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے لاہور ٹریفک پولیس کا پائلٹ پروجیکٹ

06:02 PM, 27 Aug, 2026

لاہور:لاہور ٹریفک پولیس نے بھکاریوں کی بحالی اور انہیں باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے پائلٹ پروجیکٹ شروع کر دیا ہے۔ منصوبے کے تحت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے تعاون سے مستحق افراد کو پیشہ ورانہ تربیت، روزگار اور چھوٹے کاروبار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

پائلٹ پروجیکٹ کے لیے ابتدائی طور پر 10 خاندانوں کی سکروٹنی مکمل کر لی گئی ہے۔ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن منتخب افراد کو کاروبار شروع کرنے کے لیے پانچ، پانچ لاکھ روپے تک آسان قرض فراہم کرے گی۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق شہر میں موجود جھونپڑیوں میں بچوں کی بحالی اور تعلیم کے لیے ’’جھونپڑی سکولز‘‘ قائم کرنے پر بھی کام جاری ہے، جبکہ مستحق خواتین اور بچوں کو مختلف ہنر سکھانے کے لیے فلاحی اداروں سے روابط کیے جا رہے ہیں۔

فلاحی اداروں کے تعاون سے خواجہ سرا بھکاریوں اور خواتین کو بیوٹی کورسز، سلائی اور کڑھائی سمیت مختلف ہنر سکھانے کی بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کی مدد سے مزید گداگروں کی میپنگ، تحقیق اور پروفائلنگ کا عمل جاری ہے۔ منصوبے کا مقصد مستحق افراد کو بھیک سے نجات دلا کر باعزت اور خودمختار زندگی کی طرف لانا ہے۔

ان کے مطابق پیشہ ورانہ گداگری کے خاتمے اور معاشرتی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ روز بروز گداگروں کی بڑھتی تعداد کو روکنے کے لیے بھی مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

لاہور ٹریفک پولیس نے رواں سال 4 ہزار 500 سے زائد گداگروں کے خلاف کارروائی بھی کی ہے۔

مزیدخبریں