پنجاب کی جیلیں دہشت گردوں کے نشانے پر: ڈی آئی جی جیل خانہ جات کا صوبہ بھر میں سکیورٹی ’ہائی الرٹ‘ کرنے کا حکم

07:09 PM, 27 Feb, 2026

لاہور: مغربی سرحدی صورتحال اور سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے موصول ہونے والے تھریٹ الرٹس کے بعد پنجاب کی تمام جیلوں سمیت دیگر حساس مقامات پر دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس سنگین صورتحال کے پیشِ نظر محکمہ جیل خانہ جات پنجاب نے ہنگامی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر جیل خانہ جات پنجاب نے تمام ریجنل ڈی آئی جیز اور سپرنٹنڈنٹ جیلوں کو ایک مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں سکیورٹی کو فوری طور پر ’ہائی الرٹ‘ کرنے اور حفاظتی انتظامات کو مزید سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔  جیلوں کی بیرونی دیواروں اور واچ ٹاورز پر مسلح اہلکاروں کی تعداد بڑھانے اور 24 گھنٹے کڑی نگرانی کا حکم دیاگیا ہے۔ 
جیلوں کے اندر اور گردونواح میں سرچ اور کومبنگ آپریشنز میں تیزی لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔   قیدیوں سے ملنے آنے والے افراد کی سخت چیکنگ اور بائیومیٹرک تصدیق کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوئیک رسپانس فورس (QRF) کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ نہ صرف جیلیں بلکہ ان سے ملحقہ اہم سرکاری تنصیبات بھی شرپسندوں کے نشانے پر ہو سکتی ہیں، لہذا سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور عملہ کسی بھی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کرے۔

مزیدخبریں