لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کو ٹیکنالوجی کی دنیا کے نقشے پر نمایاں کرنے کے لیے "ڈیجیٹل پنجاب" مشن کی کمان سنبھال لی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق، وزیراعلیٰ کا ہدف پنجاب کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کے عالمی مرکز میں تبدیل کرنا ہے، جس کے لیے وہ خود اس مشن کی قیادت کر رہی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ مریم نواز عوامی خدمت کے روایتی تصور کو جدید ٹیکنالوجی سے بدل رہی ہیں۔ اس وژن کے تحت پنجاب نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں ڈیجیٹل جدت کا استعارہ بن کر ابھرے گا، جس سے گورننس میں شفافیت اور نوجوانوں کے لیے عالمی سطح کے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔