لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے 'سیفٹی فرسٹ' پالیسی کے تحت بڑے پیمانے پر اصلاحات کا حکم دے دیا ہے۔ آتشزدگی اور بلڈنگ سیفٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ عمارتوں کی تعمیر کے وقت حفاظتی اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کراچی کے سانحہ گل پلازہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر تجویز دی کہ آتشزدگی جیسے حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ روپے کی مالی امداد فراہم کرنے کا مستقل طریقہ کار وضع ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہاکہ فائر فائٹنگ کے تمام آلات کو فوری طور پر اپ گریڈ کیا جائے گا، جس کے لیے حکومت تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی، ہر عمارت میں فائر الارم، فرسٹ ایڈ کٹس اور بوائلرز کی باقاعدہ انسپکشن کو قانوناً لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔لاہور کی 25 منزلہ عمارت میں 5 منٹ کے رسپانس ٹائم پر وزیراعلیٰ نے ڈی جی ریسکیو اور سیف سٹی ٹیم کو بھرپور شاباش دی اور اسے جدید مانیٹرنگ سسٹم کا ثمر قرار دیا۔
مریم نواز نے ہدایت کی کہ ہنگامی صورتحال میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات کو فوری ہٹایا جائے اور ساتھ ہی مارکیٹ میں اشیاء کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جس طرح پنجاب حکومت نے سیلاب کے دوران ایک منظم یونٹ کے طور پر کام کیا، اسی طرح شہری تحفظ کے ہر شعبے میں ٹیم ورک کو فروغ دیا جائے گا۔
پنجاب میں بلڈنگ سیفٹی کے لیے نئے ایس او پیز نافذ: مریم نواز کا ریسکیو سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کا حکم
06:08 PM, 27 Jan, 2026