لاہور : پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں آتشزدگی کے واقعات پر فوری قابو پانے اور عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کا ایک وسیع تر منصوبہ شروع کر دیا ہے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں تمام اضلاع کے اہم مقامات کا تعین کرتے ہوئے حتمی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔منصوبے کے مطابق پہلے مرحلے میں پنجاب کے تمام اضلاع کی اہم مارکیٹس، گنجان آباد تجارتی مراکز اور بڑے کمرشل ایریاز میں فائر ہائیڈرنٹس نصب کیے جائیں گے۔ ان ہائیڈرنٹس کی بدولت آگ لگنے کی صورت میں ریسکیو ٹیموں کو پانی کی فوری اور بلا تعطل فراہمی ممکن ہو سکے گی، جس سے بڑے نقصان کا خدشہ کم ہو جائے گا۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے حکام کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کے بعد ان کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ قیمتی آلات اور ہائیڈرنٹس کو چوری سے بچانے کے لیے فول پروف سکیورٹی اقدامات کیے جائیں۔ متعلقہ ادارے ان ہائیڈرنٹس کی باقاعدگی سے انسپکشن کریں تاکہ ہنگامی حالت میں یہ مکمل فعال ہوں۔
اجلاس کے دوران ڈی جی واسا پنجاب نے فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ واسا نے تمام تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لے کر مقامات کی نشاندہی کر لی ہے اور بہت جلد تنصیب کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔اس منصوبے کو لاہور سمیت پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں بلڈنگ سیفٹی کے حوالے سے ایک انقلابی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
پنجاب میں عوامی تحفظ کے لیے بڑا قدم: تمام اضلاع میں فائر ہائیڈرنٹس نصب کرنے کا منصوبہ تیار، مقامات کی فہرست جاری
07:03 PM, 27 Jan, 2026