پنجاب میں تعلیم سمیت تمام شعبوں میں بہتری کے اقدامات جاری ہیں، رانا سکندر حیات

05:44 PM, 27 Jul, 2026

لاہور: صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے کی ترقی، تعلیم کے فروغ اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنا ہے، جس کے لیے سکالرشپ پروگرامز اور لیپ ٹاپ سکیمیں شروع کی گئی ہیں۔

صوبائی وزیر تعلیم نے بتایا کہ ہونہار سکالرشپ پروگرام کے لیے آزاد جموں و کشمیر سے 21 ہزار طلبہ نے درخواستیں جمع کرائی ہیں، جبکہ سندھ کے طلبہ کے لیے سکالرشپ کوٹہ بڑھانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبے میں اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، اسکولوں میں بچوں کے داخلوں میں اضافہ ہوا ہے اور اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ کے ذریعے معیار تعلیم بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

رانا سکندر حیات نے "ستھرا پنجاب" پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے شہروں، دیہات اور گلی محلوں میں صفائی کے انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں اور مزدوروں سمیت مختلف طبقات کے لیے بھی فلاحی پروگرامز جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے کئی منصوبوں کو دیگر صوبوں نے بھی اپنایا ہے۔ سیاسی مخالفین کو جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ترقی پر تنقید کرنے کے بجائے عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں پر بات ہونی چاہیے۔

مزیدخبریں