لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب میں ایس ایم ایز کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ حکومت پنجاب چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری افراد کو عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ کے ذریعے ایس ایم ایز کی مدد کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق آسان کاروبار اسکیم کے باعث ٹرانسپورٹ اور ہول سیل شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ لائیو اسٹاک، زراعت اور دیگر شعبوں میں بھی چھوٹے کاروباروں کی معاونت کی جا رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ چھوٹے کاروبار میں سرمایہ کاری معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے، کیونکہ ایس ایم ایز کے فروغ سے روزگار کے مواقع بڑھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور چھوٹی صنعتوں کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔