میری تنقید تمام اساتذہ پر نہیں، صرف بدعنوان عناصر پر ہے: وزیر تعلیم پنجاب

06:31 PM, 27 Jun, 2026

لاہور: وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ ان کی تنقید تمام اساتذہ پر نہیں بلکہ صرف ان بدعنوان عناصر پر ہے جو بچوں کے مستقبل اور ریاست کے ساتھ خیانت کر رہے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے جس تناظر میں گفتگو کی، اس کے تمام شواہد ان کے پاس موجود ہیں اور وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ متعلقہ اساتذہ کے نام بھی سامنے لا سکتے ہیں۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ جن افراد کو ان کی بات سے متوجہ ہونا تھا، وہ ان کا اشارہ سمجھ چکے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کی گفتگو کا ایک مخصوص حصہ سیاق و سباق سے ہٹ کر وائرل کیا گیا، جس سے ایسا کرنے والوں کی بدنیتی ظاہر ہوتی ہے۔

وزیر تعلیم نے واضح کیا کہ ان کا مقصد پوری تدریسی برادری کو تنقید کا نشانہ بنانا نہیں بلکہ صرف ایسے عناصر کی نشاندہی کرنا ہے جو اپنے فرائض میں بددیانتی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

مزیدخبریں