لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈیف بلائنڈ نیس ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بیک وقت سماعت اور بصارت سے محروم افراد معاشرے کے انتہائی خصوصی افراد ہیں، جن کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیف بلائنڈ افراد نہ بوجھ ہیں اور نہ ہی بیکار، بلکہ وہ حوصلے، عزم اور خودداری کی جیتی جاگتی تصویر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سپیشل افراد کی بحالی کسی پر احسان نہیں بلکہ ان کا بنیادی حق ہے، جس کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت "ہمت کارڈ" کے ذریعے ڈیف بلائنڈ سمیت تمام سپیشل افراد کی باعزت معاشی معاونت کر رہی ہے، جبکہ انہیں معاون آلات کی فراہمی کے ذریعے زندگی کے ہر شعبے میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا رہا ہے۔
مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت سپیشل افراد کو بااختیار بنانے اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔