لاہور: لاہور پولیس کے شعبہ انویسٹی گیشن نے لاکھوں روپے مالیت کے 238 ریکور شدہ موبائل فونز ان کے اصل مالکان کے حوالے کر دیے۔ اس سلسلے میں انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
نمائندہ لاہور رنگ شاہد رضوی کے مطابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے تقریب کے دوران ریکور کیے گئے موبائل فونز شہریوں کے حوالے کیے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہریوں کے کھوئے، چوری یا چھینے گئے قیمتی موبائل فونز کی برآمدگی اور واپسی پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
پولیس کے مطابق انچارج انویسٹی گیشن تھانہ شادباغ تنزیل الرحمن اور انچارج انویسٹی گیشن تھانہ سبزہ زار خالد فاروق نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ کارروائیاں کرتے ہوئے یہ موبائل فونز برآمد کیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ریکور کیے گئے موبائل فونز مختلف وارداتوں کے دوران چھینے گئے، چوری ہوئے یا شہریوں سے گم ہو گئے تھے، جنہیں قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اصل مالکان کے سپرد کر دیا گیا۔