پنجاب میں دفعہ 144 کے تحت ڈرون اڑانے پر پابندی میں توسیع، محکمہ داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا

03:03 PM, 27 Mar, 2026

لاہور: حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر میں سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر کھلی فضا میں ڈرون کیمروں کے استعمال پر عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی ہے۔محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کا فیصلہ صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور حساس تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ کھلی فضا اور عوامی مقامات پر ہر قسم کے ڈرون اڑانے پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔
 سڑکوں، پارکوں اور کھلے مقامات پر ڈرون اڑانا سختی سے ممنوع ہوگا۔ حکومت نے شادی ہالز، بینکوئٹ ہالز اور مارکیز کے اندر ہونے والی تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت دی ہے۔ حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 144 کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ممکنہ سکیورٹی خطرات کے پیشِ نظر اٹھایا گیا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

مزیدخبریں