لاہور :وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ کے پہلے روز صوبے بھر میں ماحول دوست طریقوں سے آلائشوں کو تلف کرنے کے لیے گرینڈ صفائی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جس کے لیے تمام بلدیاتی ادارے الرٹ ہیں۔
ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین نے عید آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں صفائی ٹیمیں رات گئے صبح 2 بجے سے ہی فیلڈ میں فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ عید کی نماز سے قبل عید گاہوں کو جانے والے راستوں کو چونا لگا کر سجایا گیا، جبکہ عید گاہوں اور جامع مساجد کے اطراف عرقِ گلاب اور فینائل ملے پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عید کے پہلے روز صوبے کے تمام اضلاع میں 1 لاکھ 84 ہزار سے زائد ورکرز ڈیوٹی پر مامور ہیں۔ شہریوں کو آلائشیں محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے 1 کروڑ 20 لاکھ سے زائد ماحول دوست ویسٹ بیگز مفت فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ آلائشیں جمع کرنے کے لیے پنجاب بھر میں 3800 سے زائد پرائمری کلیکشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ شہروں کو فوری صاف کیا جا سکے۔