لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت واسا لاہور نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو پانی کی فراہمی اور نکاسیِ آب کی بہترین سہولیات دینے کے لیے ہنگامی آپریشن شروع کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے اقدامات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عید کے دوران شہر بھر میں سیوریج سسٹم اور واٹر سپلائی کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں جدید مانیٹرنگ کیمروں کے ذریعے ٹیوب ویلز سے پانی کی فراہمی کو ٹریک کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی علاقے میں پانی کی قلت نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے واسا ہیلپ لائن 1334 چوبیس گھنٹے فعال رہے گی۔
بلال یاسین کا مزید کہنا تھا کہ واسا کے افسران اور فیلڈ عملہ عید کی چھٹیوں کے باوجود فیلڈ میں فرائض سرانجام دے رہا ہے اور عملے کی مستعدی کو یقینی بنانے کے لیے فزیکل چیکنگ بھی کی جا رہی ہے۔ شہر بھر میں واسا کے خصوصی کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ سیوریج لائنوں اور ڈرینج سسٹم کی بہتری کے لیے ڈیسلٹنگ کا کام تیز کر دیا گیا ہے تاکہ عید کے دوران شہریوں کو کوئی پریشانی نہ ہو۔