پنجاب حکومت کا اردو میڈیم درسی کتب کی غیر قانونی اشاعت اور فروخت پر سخت نوٹس

04:37 PM, 27 Oct, 2025

لاہور: پنجاب حکومت نے اردو میڈیم درسی کتب کی غیر قانونی اشاعت اور فروخت پر سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام اضلاع کے سی ای اوز کو فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

محکمہ تعلیم پنجاب حکام کے مطابق سکولوں میں صرف انگلش میڈیم کی مفت کتابیں فراہم کی جا رہی ہیں، تاہم اطلاعات ہیں کہ کئی طلبہ غیر منظور شدہ اردو میڈیم کتب استعمال کر رہے ہیں۔ غیر مجاز کتب کی اشاعت اور فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

سی ای اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ غیر قانونی پرنٹنگ اور فروخت میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی کریں اور سات روز کے اندر تفصیلی رپورٹ جمع کروائیں۔ اس کے علاوہ، تمام اسکولوں سے طلبہ کی ترجیحات کی فہرست بھی طلب کی گئی ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ کتنے طلبہ انگلش میڈیم اور کتنے اردو میڈیم تعلیم کو ترجیح دیتے ہیں۔

محکمہ تعلیم کے مطابق انگلش میڈیم نصاب سے طلبہ کی زبان، فہم اور سمجھ بوجھ کی صلاحیت میں اضافہ ہو رہا ہے، جو مستقبل میں ان کی تعلیمی ترقی کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔

مزیدخبریں