لاہور: پنجاب حکومت نے پنجاب سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2012 میں بڑی ترمیم کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکومت نے پازیٹو لسٹ کے نظام کی بجائے نیگیٹو لسٹ متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا ہے، جس کے تحت تمام سروسز ٹیکس کے دائرے میں آئیں گی، سوائے ان کے جو پہلے شیڈول میں مستثنیٰ ہوں گی۔
مجوزہ ترمیم کے مطابق پہلے شیڈول میں ٹیکس فری سروسز اور دوسرے شیڈول میں ٹیکس ایبل سروسز درج ہوں گی۔ ایکٹ کی سیکشن 3 میں تبدیلی کے ساتھ سیکشن اےتھری شامل کی گئی ہے، جس کے تحت ٹیکس فری سروسز کی وضاحت کی گئی ہے۔
ترمیم کے تحت ان پٹ ٹیکس کریڈٹ کے اصولوں میں نئی پابندیاں بھی شامل کی جا سکتی ہیں، اور ٹیلی کام، ٹرانسپورٹ اور دیگر سروسز پر ان پٹ ٹیکس کریڈٹ کی حد مقرر کی جا سکے گی۔ تجارتی املاک کے کرایے کو بھی ٹیکس کے دائرے میں لانے کی تجویز ہے۔ مزید براں، حکومت کو نئے شیڈولز میں ردوبدل کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔
مجوزہ ترامیم کی پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد نافذ کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔