سموگ کی شدت بڑھنے پر تعلیمی ادارے بند کرنے کا عندیہ، کمشنر لاہور کی سخت ہدایات

01:18 PM, 27 Sep, 2025

لاہور : کمشنر لاہور مریم خان نے کہا ہے کہ اگر شہر میں سموگ کا خطرہ بڑھا تو تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے 15 اکتوبر سے سموگ کے خاتمے کے لیے دھواں چھوڑنے والی اور بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ والی گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کمشنر لاہور کی قیادت میں کلمہ چوک سے لبرٹی چوک تک انسداد سموگ آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی سی لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، سی ٹی او لاہور، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن، سول سوسائٹی، طلباء اور متعلقہ محکموں نے حصہ لیا۔

مریم خان نے کہا کہ کوڑے کو جلانے پر پابندی عائد ہے اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور ڈویژن میں تمام پائرو پلیس پلانٹس بند کر دیے گئے ہیں جبکہ شہر کے 556 اینٹوں کے بھٹوں پر بھی مکمل پابندی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے بھٹے مسمار کیے جائیں گے۔

کمشنر نے واضح کیا کہ انسداد سموگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہے اور بھٹوں سے نکلنے والے سیاہ دھویں پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر جوابدہ ہوں گے۔ اس کے علاوہ محکمہ ماحولیات کو ہدایت دی گئی ہے کہ 24 گھنٹے فیلڈ میں متحرک رہے اور بغیر فٹنس لوڈر گاڑیوں کو گرفتار کر کے بند کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں سموگ کی صورتحال کے مطابق تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔

مزیدخبریں