شہریوں اور ریڑھی بانوں کے لیے خوشخبری ، پنجاب میں ’’سہولت آن دی گو بازار‘‘ کا آغاز

04:14 PM, 28 Dec, 2025

لاہور:پنجاب میں ملک کا پہلا اور منفرد ’’سہولت آن دی گو بازار‘‘ عوام کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد شہریوں کو معیاری اور سستی اشیاء فراہم کرنا اور ریڑھی بانوں کو باعزت روزگار کے مواقع دینا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر اس منصوبے کے تحت 400 سے زائد سٹالز کی اوپن قرعہ اندازی کے ذریعے ریڑھی بانوں کو الاٹ کیا گیا ہے۔

پہلے مرحلے میں لاہور کے مختلف علاقوں میں دس بازار کھولے گئے ہیں، جن میں گلشن راوی، شادمان، مدینہ مارکیٹ، ٹاؤن شپ، سندر روڈ اور دیگر علاقے شامل ہیں۔ ان بازاروں میں پھل، سبزیاں، چکن اور کریانہ مصنوعات ڈی سی ریٹ پر دستیاب ہوں گی۔ ساتھ ہی بازار میں سکیورٹی، صفائی، واش رومز کا بہترین انتظام کیا گیا ہے اور ڈرائیو تھرو خریداری کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس منصوبے کو ’’کلین اور خوبصورت لاہور‘‘ کے ویژن کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر ریڑھی بان اب فخر سے کہہ سکتا ہے کہ اس کی اپنی دکان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حقیقی ترقی وہی ہے جس میں غریب محنت کش بھی فائدہ اٹھا سکے۔

مزید پانچ سہولت آن دی گو بازار لاہور کے دیگر علاقوں میں فروری تک کھولے جائیں گے، جن میں برکی، صدر، نشتر ٹاؤن، رائے ونڈ فیز ٹو، اور مون مارکیٹ شامل ہیں۔

دکانداروں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اب انہیں ریڑھی والے نہیں بلکہ دکان کے مالک ہونے کا احساس ہو رہا ہے۔ پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا، جس سے رمضان بازاروں میں دی جانے والی سبسڈی کی ضرورت کم ہوگی۔

مزیدخبریں