لاہور : اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے بھر میں وکلاء کی سہولت کے لیے کثیر المنزلہ (ہائی رائز) کمپلیکس تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ بار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وکلاء کی فلاح و بہبود اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر اہم گفتگو کی۔
ملک احمد خان نے کھلے دل سے اعتراف کیا کہ ماضی میں پنجاب حکومت وکلاء برادری کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کر سکی، تاہم اب ترجیحات تبدیل ہو رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز وکلاء کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدگی سے سوچ و بچار کر رہی ہیں۔
سپیکر نے انکشاف کیا کہ پنجاب اسمبلی کے ساتھ موجود خالی جگہ پر نئی عدالتیں تعمیر کرنے کا منصوبہ زیرِ غور ہے تاکہ قانونی نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔خطے میں جاری کشیدگی اور سیکیورٹی چیلنجز پر بات کرتے ہوئے ملک احمد خان نے واضح کیا یہ جنگ کسی ملک یا افغانستان کے خلاف نہیں، بلکہ دہشت گردی کے خلاف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت خطے کی مجموعی صورتحال انتہائی افسوسناک ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن اقدامات ناگزیر ہیں۔
پنجاب بھر میں وکلاء کے لیے بلند و بالا کمپلیکس تعمیر کیے جائیں گے،سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان
03:19 PM, 28 Feb, 2026