پنجاب حکومت کا تاریخی ریلیف مشن: 47 ارب روپے کا رمضان پیکیج اور 1500 نئی ای وی بسوں کا اعلان

02:33 PM, 28 Jan, 2026

لاہور : وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب "بہتر سے بہترین" کی جانب گامزن ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کے فلاحی منصوبوں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ اس سال رمضان المبارک میں مستحقین کے لیے 47 ارب روپے کا خطیر بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ اس بار 42 لاکھ خاندانوں کو ریلیف دیا جائے گا، جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 30 لاکھ تھی۔ 45 ہزار روپے تک ماہانہ آمدن والے افراد کو اس پروگرام میں شامل کیا گیا ہے، جنہیں جلد مخصوص کارڈز جاری کر دیے جائیں گے۔صوبے کے 30 اضلاع میں 65 سہولت بازار فعال ہو چکے ہیں، جہاں اشیاء ضروریہ مارکیٹ سے 10 سے 15 روپے سستی دستیاب ہیں۔
ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بڑی پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے تحصیل کی سطح کے لیے 1500 نئی ای وی (الیکٹرک) بسوں کی منظوری دے دی ہے۔ 'ستھرا پنجاب'، 'فیلڈ ہسپتال' اور گھروں تک اشیاء کی فری ڈلیوری جیسے منصوبے حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
حالیہ حادثات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے بتایا کہ گلبرگ پلازہ میں آگ لگنے کے واقعے پر حکومت نے محض 5 منٹ کے اندر رسپانس دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی جاتی تو یہ ایک بڑے سانحے کی شکل اختیار کر سکتا تھا۔
عظمیٰ بخاری نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 5 فروری کے بعد حکومت کے پاس تمام شہریوں کا جامع ڈیٹا موجود ہوگا جس سے شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزیدخبریں