لاہور: پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے صوبہ بھر میں جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ سمارٹ ڈرونز کے ذریعے کرائم ہاٹ سپاٹس کی مسلسل سرویلنس اور فوری فیلڈ رسپانس کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔
سیف سٹیز حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے متعدد اہم کارروائیاں کی گئیں۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈرون سرویلنس کے ذریعے غیر قانونی پتنگ بازی کی نشاندہی کی گئی، جس پر فیلڈ فورس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا۔
سموگ کا سبب بننے والے عوامل کی مانیٹرنگ کی گئی تاکہ فضائی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔ ڈرونز کے ذریعے ٹریفک کی روانی اور ہنگامی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جس سے ریسپانس ٹائم میں واضح بہتری آئی ہے۔
سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ڈرونز کے ذریعے حاصل ہونے والی لائیو فوٹیج براہ راست کنٹرول سینٹر کو منتقل کی جاتی ہے، جہاں سے قریبی فیلڈ فورس کو فوری مداخلت کے لیے روانہ کیا جاتا ہے۔ اس اسمارٹ سسٹم نے شہر کی سیکیورٹی اور قانون کی بالادستی کو مزید مضبوط بنا دیا ہے۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا 'سمارٹ ایکشن': ڈرونز کے ذریعے کرائم ہاٹ سپاٹس کی کڑی نگرانی اور فوری کریک ڈاؤن
04:59 PM, 28 Jan, 2026