لاہور : صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر و بہبودِ آبادی خواجہ عمران نذیر سے پاکستان میں یونیسیف (UNICEF) کے نئے چیف فنانشل آفیسر (CFO) رمیز بہبودوف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں جاری صحت کے مختلف منصوبوں، بالخصوص سی ایچ آئی پروگرام اور سروائیکل کینسر ویکسینیشن مہم پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران صوبائی وزیر نے یونیسیف کے وفد کو پنجاب حکومت کی جانب سے صحت کے شعبے میں اٹھائے گئے انقلابی اقدامات سے آگاہ کیا۔ خواجہ عمران نذیر نے بتایا کہ سروائیکل کینسر ویکسینیشن: صوبے میں خواتین کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
کمیونٹی ہیلتھ انیشی ایٹوز کے ذریعے دور دراز علاقوں تک بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ملاقات کا ایک اہم پہلو صحت کے مراکز کی آؤٹ سورسنگ کے حوالے سے تھا۔ یونیسیف کے سی ایف او رمیز بہبودوف نے آؤٹ سورسنگ ماڈل کے حوالے سے بعض مالیاتی اور انتظامی خدشات کا اظہار کیا، جس پر صوبائی وزیر نے مفصل بریفنگ دی۔ خواجہ عمران نذیر نے رمیز بہبودوف کے تمام خدشات دور کرتے ہوئے واضح کیا کہ آؤٹ سورسنگ کا مقصد سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانا اور سرکاری وسائل کا شفاف استعمال یقینی بنانا ہے، تاکہ عوام کو بہترین طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
یونیسیف کے سی ایف او نے پنجاب حکومت کے ہیلتھ کیئر وژن کی تعریف کی اور صحت کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ صوبائی وزیر نے یونیسیف کی تکنیکی اور مالیاتی معاونت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اداروں کے تعاون سے پنجاب میں صحت کے اشاریوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر سے یونیسیف کے نئے سی ایف او کی ملاقات؛ اہم طبی منصوبوں پر تبادلہ خیال
07:02 PM, 28 Jan, 2026