حکومت نے شوگر ملز سے چینی خریداری کے لیے سخت شرائط عائد کر دیں

09:19 PM, 28 Jul, 2025

اسلام آباد: حکومت نے شوگر ملز سے چینی کی خریداری کے لیے نئی شرائط نافذ کر دی ہیں، جن میں سیلز ٹیکس رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لوکل گورنمنٹ اور محکمہ خوراک کے رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ کے بغیر چینی کی خریداری ممکن نہیں ہوگی۔

نئی پالیسی کے تحت شوگر ڈیلرز کو آن لائن ادائیگی کرنی ہوگی، اور سیلز ٹیکس رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ پیش کرنا ہوگا۔ اس اقدام سے مارکیٹ میں چینی کی فراہمی متاثر ہونے اور قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں چینی کی ترسیل میں تاخیر اور معاہدے کی خلاف ورزیوں پر سخت نوٹس لیا گیا۔ اجلاس میں شوگر ملز ایسوسی ایشن نے اپنے خدشات کا اظہار کیا اور شکایتی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر نے کہا کہ چینی کی قیمت اور فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ حکومت صارفین اور صنعت دونوں کے مفادات کا تحفظ کرے گی اور روزانہ کی بنیاد پر مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزیدخبریں