پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، دو اپوزیشن ارکان 15 اجلاسوں کے لیے معطل

10:11 PM, 28 Jul, 2025

لاہور : پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر قائم مقام اسپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے اپوزیشن ارکان خالد نثار ڈوگر اور شیخ امتیاز کو پندرہ اجلاسوں کے لیے معطل کر دیا۔

اسمبلی کے فلور پر اپوزیشن رکن خالد زبیر اور حکومتی رکن حسان ریاض کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ جھگڑے میں بدل گیا، جس کے دوران ہاتھا پائی اور تھپڑ بازی بھی ہوئی۔ صوبائی وزیر ذیشان رفیق بھی معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے شامل ہو گئے۔

صورتحال خراب ہونے پر قائم مقام اسپیکر نے اجلاس کو وقتی طور پر ملتوی کر دیا اور دونوں فریقین کو چیمبر میں طلب کر کے معاملے کی تفصیلات حاصل کیں۔

سپیکر نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا    "آج کا دن ایوان کی تاریخ میں افسوسناک ہے۔ یہ معاملہ صرف ارکان کا نہیں، بلکہ اسمبلی کے وقار کا ہے۔ ایوان کے تقدس کو ہر صورت میں بحال رکھا جائے گا۔"

بعد ازاں حکومت اور اپوزیشن کے سینئر ارکان کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں اسپیکر کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔

رکن اسمبلی مجتبیٰ شجاع الرحمان نے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ    "ایوان میں اس طرح کا رویہ ناقابل قبول ہے۔ اختلاف رائے پارلیمانی انداز میں ہونا چاہیے، نہ کہ تشدد کے ذریعے۔"

واقعے پر سیاسی اور عوامی حلقوں کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات جمہوری نظام کے لیے خطرہ ہیں۔

مزیدخبریں