لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت اور چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے جھنگ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی تیاریوں اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر جھنگ بابر صاحب دین، اراکین صوبائی اسمبلی کرنل (ر) غضنفر عباس قریشی، عابدہ بشیر، سابق اراکین صوبائی اسمبلی فیصل حیات جبوآنہ، محمد اسلم بھروانہ، راشدہ یعقوب شیخ اور خالد غنی سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیلاب سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ چنیوٹ پل سے آنے والا 2 لاکھ 45 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلہ ضلع جھنگ سے تقریباً گزر چکا ہے جبکہ ہیڈ تریموں پر پانی کی سطح میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ دریا کے نشیبی علاقوں میں 18 فلڈ ریلیف کیمپس اور 35 بوٹنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جہاں ریسکیو 1122، محکمہ صحت، لائیو اسٹاک اور دیگر متعلقہ محکموں کا عملہ 24 گھنٹے موجود ہے۔ ضلعی ایمرجنسی کنٹرول روم سے صورتحال کی مسلسل نگرانی بھی جاری ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام محکمے مکمل الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے شہریوں کو بروقت معلومات کی فراہمی اور متاثرہ علاقوں میں ہر ممکن سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔