لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ سب مل کر ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں اور صحت مند پاکستان کی تعمیر کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ شہریوں کو ہیپاٹائٹس کی سکریننگ اور مفت علاج کی سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ موبائل ہسپتالوں کے ذریعے سکریننگ پروگرام جاری ہے، جس سے عوام کو ان کی دہلیز پر طبی سہولیات میسر آ رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی مفت تشخیص اور علاج کیا جا رہا ہے تاکہ کسی کو مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ غیر معیاری سرنجوں کی تیاری اور دوبارہ استعمال کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں کی ڈیپ کلیننگ کے ذریعے حفظان صحت کے اصولوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ہیپاٹائٹس کی بروقت سکریننگ کروا کر اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی محفوظ بنائیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ڈاکٹرز، نرسز، عوام اور حکومت کی مشترکہ کاوشوں سے ہیپاٹائٹس کا خاتمہ ممکن ہے، اور سب کو مل کر ایک صحت مند پاکستان کی تعمیر کا عہد کرنا ہوگا۔
ہیپاٹائٹس کے عالمی دن پر مریم نواز کا پیغام، مفت سکریننگ اور علاج کی سہولیات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار
07:54 PM, 28 Jul, 2026