محفوظ ٹریفک کیلئے لاہور میں خصوصی مہم، بغیر لائسنس ڈرائیورز کو لائسنس بنوانے کی سہولت

05:27 PM, 28 Jun, 2026

لاہور: چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے شہر بھر کے لائسنسنگ دفاتر فعال کر دیے گئے ہیں، جبکہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کو فوری طور پر لائسنس اور لرنر پرمٹ کے حصول کا موقع دیا جا رہا ہے۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق لائسنسنگ دفاتر کے باہر عارضی سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں شہریوں کو موقع پر ہی لائسنسنگ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہم کا مقصد شہریوں کو قانونی دائرے میں لانا اور ٹریفک نظام کو مزید محفوظ بنانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کم عمر ڈرائیورز کے لیے قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے جا رہے ہیں، جبکہ لرنر پرمٹ یا لائسنس سے محروم رکشہ ڈرائیورز اور دیگر افراد کو فوری لرنر پرمٹ کی سہولت دی جا رہی ہے۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق رکشہ ڈرائیورز کے لیے شہر میں چار خصوصی لائسنس سینٹر قائم کیے گئے ہیں، جو مناواں، اچھرہ، واپڈا ٹاؤن لاہور اور گریٹر اقبال پارک میں قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کا حصول محفوظ ٹریفک نظام کی بنیادی ضرورت ہے۔ خصوصی مہم کے تحت شہریوں کو ذمہ دار ڈرائیور بنانے کے لیے آگاہی اور سہولت دونوں فراہم کی جا رہی ہیں۔

سی ٹی او لاہور نے مزید کہا کہ غیر لائسنس یافتہ ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ انہیں لائسنس بنوانے کا موقع بھی دیا جا رہا ہے تاکہ سڑکوں پر حادثات میں کمی اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں