لاہور: لیسکو کا چونگ میں بڑا ایکشن، ہوٹل اور ویلڈنگ شاپ پر بجلی چوری رنگے ہاتھوں پکڑی گئی

06:22 PM, 28 Mar, 2026

لاہور: لیسکو سنٹرل سرکل لاہور نے بجلی چوروں کے خلاف ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ایس ای (SE) سنٹرل سرکل جمشید زمان کی خصوصی ہدایت پر چونگ سب ڈویژن کے علاقے میں رات گئے کی گئی کارروائی کے دوران کمرشل سطح پر ہونے والی بجلی چوری کو بے نقاب کر دیا گیا ہے۔
ایس ڈی او چونگ کی نگرانی میں لیسکو ٹیم نے خفیہ اطلاع پر رات کے اندھیرے میں علاقے کی چیکنگ کی۔ اس دوران ایک مقامی ہوٹل اور ویلڈنگ شاپ کو ایل ٹی (LT) لائن سے براہِ راست سپلائی (Direct Hook) کے ذریعے بجلی چوری کرتے ہوئے پایا گیا۔ ملزمان میٹر کو بائی پاس کر کے براہِ راست تاروں کے ذریعے بجلی کا غیر قانونی استعمال کر رہے تھے، جس سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔ لیسکو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام غیر قانونی میٹرز اور سپلائی کے لیے استعمال ہونے والی کیبلز اتار کر اپنے قبضے میں لے لیں۔
لیسکو حکام کے مطابق بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر (FIR) کے اندراج کے لیے درخواست دے دی گئی ہے اور انہیں بھاری جرمانے (Detection Bills) بھی چارج کیے جائیں گے۔ ایس ای سنٹرل سرکل جمشید زمان کا کہنا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف "زیرو ٹالرنس" پالیسی اپنائی گئی ہے اور رات کے اوقات میں مانیٹرنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ لائن لاسز کو کم کیا جا سکے۔

مزیدخبریں