پنجاب کے ہر ڈویژن میں سٹروک سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ، مزید 17 مراکز دسمبر تک فعال ہوں گے

01:29 PM, 28 Sep, 2026

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے کے ہر ڈویژن میں سٹروک سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ پنجاب میں مزید 17 پرائمری سٹروک سینٹرز کو دسمبر تک فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

    اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ صوبے میں 40 پرائمری سٹروک سینٹرز مکمل طور پر فعال ہیں، جہاں فالج کے مریضوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    بریفنگ کے مطابق اب تک 336 فالج زدہ مریضوں کی زندگیاں بچائی جا چکی ہیں۔ بروقت تشخیص اور علاج کی سہولت ملنے کے باعث ان مریضوں کو مستقل معذوری سے بھی محفوظ رکھا گیا۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ فالج کے مریض کے لیے بروقت طبی امداد انتہائی اہم ہے اور چیف منسٹر سٹروک سینٹرز میں فوری علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز نے سٹروک سینٹرز کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تمام ڈویژنز میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

    اجلاس میں سٹروک سینٹرز کی کارکردگی، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور مزید مراکز کو فعال بنانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    وزیراعلیٰ نے فالج کے مریضوں کو بروقت علاج کی فراہمی کے لیے طبی نظام کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو مقررہ اہداف بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

مزیدخبریں