سیلاب کا خطرہ، وزیراعلیٰ مریم نواز کی متاثرہ علاقوں کے عوام سے فوری انخلا کی اپیل

11:59 AM, 29 Aug, 2025

لاہور : پنجاب میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متاثرہ علاقوں کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور شہریوں کو چاہیے کہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے مکمل تعاون کریں۔

اپنے ہنگامی پیغام میں مریم نواز نے واضح کیا کہ سیلاب سے متاثر ہونے والے گھروں، کھیتوں اور مویشیوں کے نقصان کا مکمل اور شفاف انداز میں جائزہ لیا جا رہا ہے، اور متاثرہ خاندانوں کو ان کا حق ضرور دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ہر قدم پر متاثرین کے ساتھ ہے اور ان کے تمام نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے عوام سے درخواست کی کہ وہ اپنی اور اپنے بچوں کی زندگیوں کو ترجیح دیں اور فوراً محفوظ علاقوں میں منتقل ہو جائیں۔

اس سے قبل مریم نواز نے دریائے راوی میں ممکنہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کشتی کے ذریعے دورہ کیا، جس پر سوشل میڈیا پر کچھ حلقوں نے تنقید کی۔ اس پر ردِعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ دورہ علامتی نہیں تھا بلکہ اصل حالات کو خود دیکھنے کے لیے کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف دفتر میں بیٹھ کر فیصلے کرنے سے عوامی مسائل کا اندازہ نہیں ہو سکتا، اس لیے ایک ذمہ دار لیڈر کا کام ہے کہ وہ خود میدان میں اترے۔

دورے کے دوران سامنے آنے والی انتظامی خامیوں پر فوری کارروائی کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ امدادی سرگرمیاں تیز کریں اور کسی بھی ممکنہ نقصان کو روکنے کے لیے مکمل تیاری کریں۔

مزیدخبریں