لاہور میں خواتین کی سکوٹی واک، خودمختاری اور محفوظ سفر کا پیغام

لبرٹی چوک میں ٹریفک پولیس کے زیرِاہتمام سرگرمی، 15 ہزار 256 خواتین ڈرائیونگ کی تربیت حاصل کرچکی ہیں

01:40 PM, 29 Aug, 2026

لاہور: خواتین میں احساسِ تحفظ، خود اعتمادی اور خودمختاری کے فروغ کے لیے لاہور ٹریفک پولیس کے زیرِاہتمام لبرٹی چوک میں سکوٹی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سکوٹی واک کا مقصد خواتین کو محفوظ اور پُراعتماد سفر کے لیے حوصلہ دینا اور انہیں عملی زندگی میں خودمختار بنانے کے لیے آگاہی فراہم کرنا تھا۔

سی ٹی او لاہور عبدالرحیم شیرازی کے مطابق لاہور ٹریفک پولیس کے 12 ڈرائیونگ اسکولز میں خواتین کو سکوٹی اور گاڑی چلانے کی تربیت دی جا رہی ہے، اب تک 15 ہزار 256 خواتین تربیت حاصل کرچکی ہیں۔

سکوٹی واک میں شریک خواتین کا کہنا تھا کہ سکوٹی چلانے سے ان میں خود اعتمادی بڑھے گی، جبکہ ایسی سرگرمیاں مزید خواتین کو آگے بڑھنے اور اپنے سفر میں خودمختار ہونے کا حوصلہ دیتی ہیں۔

شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محفوظ سڑکیں، خود اعتمادی اور بہتر ٹریفک سہولیات خواتین کی آزادی اور ترقی کی جانب اہم قدم ہیں۔

مزیدخبریں