لاہور:سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے پنجاب اسمبلی میں حالیہ ہلڑ بازی پر سخت نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف خیبرپختونخوا کے رہنماؤں نے غیر مناسب زبان اور رویہ اختیار کیا، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
اسپیکر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کے ساتھ کچھ ایسے افراد اسمبلی میں آئے، جن کی فہرست اسپیکر کے دفتر کے پاس موجود نہیں تھی، جن میں سہیل آفریدی کے ساتھ کچھ جرائم پیشہ افراد بھی شامل تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر متعلقہ افراد کو اسمبلی میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ملک احمد خان نے کہا، "پنجاب اسمبلی کسی کی ذاتی جگہ یا ماسی کا صحن نہیں کہ کوئی آئے اور چھلانگیں لگائے۔" انہوں نے ہلڑ بازی کرنے والوں کی رپورٹ سکیورٹی اداروں کو کارروائی کے لیے بھیجنے کا عندیہ دیا۔
اسپیکر نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں خواتین کے ساتھ نامناسب رویہ بھی دیکھنے میں آتا ہے، جس پر بھی توجہ دی جائے گی۔