وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی امریکی سرمایہ کاروں کوپنجاب میں شاندار مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت

12:43 PM, 29 Oct, 2025

لاہور :  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرس سے ملاقات کے دوران امریکی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں کاروباری مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی دعوت دی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ’’پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری خوش آئند ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ امریکہ دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید استحکام لائے گا۔‘‘

اس ملاقات میں امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرس نے وزیراعلیٰ کو پرتپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور اس دوران امریکہ کے نئے پولیٹیکل اور اکنامک آفیسر کا بھی تعارف کرایا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب نے حالیہ تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کیا، لیکن حکومتی اقدامات اور بحالی کے کاموں کی بدولت متاثرین کے لیے امداد اور ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں کاروباری ترقی کے بے شمار مواقع موجود ہیں، اور یہ امریکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک بہترین وقت ہے کہ وہ پنجاب میں سرمایہ کاری کریں۔

مریم نواز نے پنجاب میں کلچرل ٹورازم کے فروغ کے لیے قدیمی ثقافتی ورثے کی بحالی اور بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’پنجاب کا تاریخی اور مذہبی ثقافتی ورثہ عالمی سطح پر ٹورازم کے لیے اہم موقع فراہم کرتا ہے، اور ہم اس شعبے میں مزید سرمایہ کاری کی توقع رکھتے ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’’پنجاب حکومت کے خواتین کے ایمپاورمنٹ پراجیکٹس کامیابی سے جاری ہیں، اور لاہور سمیت دیگر شہروں میں ایئر کوالٹی میں بہتری آ رہی ہے، خاص طور پر ماحول دوست پراجیکٹس اور سموگ کے اثرات کو کم کرنے کے اقدامات کے باعث۔‘‘

امریکی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ای بزنس پراجیکٹ کو سراہا اور کہا کہ ’’اس پراجیکٹ کی مدد سے سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار شروع کرنا آسان ہو گیا ہے۔‘‘ انہوں نے پنجاب میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار کو بھی تسلیم کیا، اور ان اقدامات کی تعریف کی۔

مزیدخبریں