لاہور: چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف عالمی سازشیں ناکام ہو چکی ہیں اور آج دنیا ہمیں امن کے مرکز کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی ملک کا استحکام اس کی مضبوط فوج سے وابستہ ہے اور پاک فضائیہ نے 'معرکہِ حق' میں بھارت کا تکبر خاک میں ملا کر یہ ثابت کر دیا ہے۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پہلگام واقعے کی آڑ میں پاکستان کو 'دہشت گرد ریاست' قرار دینے کی بھارتی کوششیں الٹی پڑ گئیں اور اسے عالمی سطح پر سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارت افغانستان کو بطور بیس استعمال کر رہا ہے جہاں سے دہشت گردوں کو پاکستان میں معصوم شہریوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کے لیے بھیجا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان ہر محاذ پر سرخرو ہوا ہے اور دشمن کی بزدلانہ کارروائیوں کا منہ توڑ جواب دیا گیا ہے۔ریاست کے بیانیے کو مضبوط کرنے کے لیے 15 ہزار سے زائد علماء نے 'پیغامِ پاکستان' پر دستخط کیے ہیں، جو انتہا پسندی کے خلاف ایک بڑی کامیابی ہے۔
بھارت افغان سرزمین کو پاکستان میں دہشت گردی کیلئے استعمال کر رہا ہے، طاہر اشرفی
04:51 PM, 30 Apr, 2026