پنجاب میں کینسر کے مفت علاج کیلئے مزید مشینیں نصب کی جارہی ہیں، عظمیٰ بخاری

02:46 PM, 30 Aug, 2026

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مزمل اسلم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں کینسر کے مریضوں کو جدید اور مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کریوابلیشن مشین سے متعلق ویڈیو بھی ایکس پر شیئر کردی۔ ان کے مطابق میو اسپتال لاہور میں اب تک 70 سے زائد مریض اس جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہوچکے ہیں، جبکہ مزید 5 مشینیں مختلف اسپتالوں کے لیے پہنچ چکی ہیں۔

صوبائی وزیر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مزید 5 کریوابلیشن مشینیں خرید کر تنصیب کے لیے روانہ کردی گئی ہیں۔ لاہور کے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے لیے 2، جبکہ نشتر اسپتال ملتان، الائیڈ اسپتال فیصل آباد اور بے نظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی کے لیے ایک، ایک مشین بھیجی گئی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں پہلی کریوابلیشن مشین 2025 میں میو اسپتال لاہور میں متعارف کرائی گئی، جہاں اسٹیج ون کینسر میں مبتلا 70 سے زائد مریضوں کا مفت اور کامیاب علاج کیا جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سالانہ 5 ارب روپے مریضوں کے علاج پر خرچ کر رہی ہے اور کینسر کے بروقت و مؤثر علاج کی سہولت صوبے کے عوام کو فراہم کی جا رہی ہے۔

مزمل اسلم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ’’نالائقی اور جہالت کا کوئی نعم البدل نہیں‘‘، لکھنے سے پہلے حقائق چیک کرلینے چاہئیں۔ انہوں نے خیبر پختونخوا میں 17 سالہ دورِ حکومت کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھا دیا۔

مزیدخبریں