لاہور:لاہور کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث فلائٹ آپریشن گزشتہ 8 گھنٹوں سے بند ہے، جس کے باعث فضائی سفر شدید متاثر ہوا ہے۔ دھند کی وجہ سے 4 پروازوں کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا، جبکہ لاہور سے دبئی، ابوظہبی، جدہ اور کراچی جانے والی متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
دھند کے باعث اندرون و بیرون ملک پروازوں کے شیڈول میں شدید خلل پیدا ہوا ہے، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔
موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹر وے ایم ٹو بلکسر سے کوٹ مومن تک لاہور جانے والی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے، جبکہ موٹر وے ایم تھری فیض پور سے رجانہ تک بھی دھند کی وجہ سے بند ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔