نوزائیدہ بچوں کی صحت قومی ترجیح ، ماں اور بچے کی صحت کے لیے مریم نواز کا ویژن واضح ہے: خواجہ سلمان رفیق

03:41 PM, 30 Jan, 2026

لاہور:صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ نوزائیدہ بچوں کی بہتر صحت اور نشوونما کسی بھی معاشرے کے روشن مستقبل کی ضامن ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ محض ایک طبی شعبہ نہیں بلکہ ہماری قومی ترجیحات کا اہم حصہ ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز اور پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے نیو نیٹالوجی گروپ کو ایک کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر خصوصی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے طبی ماہرین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں جدید طبی تحقیق اور بچوں کے علاج معالجے میں بہتری لانے کے لیے ناگزیر ہیں۔
وزیر صحت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق     ماں اور بچے کی صحت کے بنیادی ڈھانچے کو ترجیحی بنیادوں پر مضبوط بنا رہی ہے۔    صحت کے مراکز میں نوزائیدہ بچوں کے لیے جدید سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
    حاملہ خواتین اور نومولود بچوں کی دیکھ بھال کے لیے خصوصی پروگرامز پر کام جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نوزائیدہ بچوں کی اموات کی شرح میں کمی لانے اور انہیں صحت مند زندگی کی شروعات فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

مزیدخبریں